کراچی:بوٹ بیسن اور لیاری میں مبینہ مقابلے، 4 ملزمان ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقوں کلفٹن اور لیار ی میں 2 مبینہ مقابلوں کے دوران 4 ملزمان مارے گئے جبکہ میٹروول اور قصبہ کالونی میں 2 کریکر حملوں میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بغدادی کے علاقے کھڈالین میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 20 سے زائد وارداتوں میں ملوث گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان مارے گئے ۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے۔

ملزمان کی شناخت داؤد میمن اور عاصم ڈاڈا کے نام سےہو ئی ہے۔ کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں پولیس کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ٹارکٹ کلرز مارے گئے، مارے جانے والے ملزمان ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتا خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالو نی اور میٹروول کے علاقے سائٹ میں 2 دستی بم حملوں میں 5 افراد زخمی ہو ئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ گلبہار اور کورنگی کے علا قے الیاس گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔