کراچی (جیوڈیسک) ایف آئی اے نے کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کے ایک فلیٹ میں چھاپہ مار کر غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑ لیا۔ اس گیٹ وے ایکس چینج کے ذریعے حکومت پاکستان کو سالانہ 20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج ایک سال سے کام کر رہا تھا۔
جہاں سے بین الاقوامی کالز کی جاتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا جس کی نشاندہی پر چھاپا مارا گیا۔ کارروائی کے دوران 29 جی ایس ایم گیٹ وے ایکسچینج، 500 سے زائد سمز، کمپیوٹر، راوٹرز، موڈیمز اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ملزم فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔