کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گذشتہ روز ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد دھماکوں میں جاں بحق 3رینجرز اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے۔ کراچی میں ناظم آباد فلائی اور اور نارتھ ناظم آباد میں رینجرز ہیڈ کواٹر پر پے درپے ہونے والے 3 حملوں میں شہید ہونے والے تینوں رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ رینجرز ہیڈکواٹر میں ادا کردی گئی، جس میں رینجرز کے اعلیِ افسران اور جوانوں نے شرکت کی، شہید ہونے والے جوانوں میں سب انسپکٹر جاوید اقبال، لانس نائیک عتیق الرحمان، سپاہی محمد عمیر شامل ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں قائم رینجرز ہیڈکواٹر پر خود کش حملہ کیا گیا، جس خود کش حملہ آور نے دھماکہ کیا اسکی انگلیاں جائے وقوعہ سے ملی تھیں جو تفتیشی حکامٍ کے پاس موجود ہیں اور انھیں اسکی مدد سے تفتیش میں پیش رفت کی امید ہے، تفتیشی حکام نے بتایا کہ حملہ آور کی شناخت کے لئے انگلیوں کے فنگرپرنٹس نادر کو روانہ کردئیے گئے۔
جبکہ خود کش حملہ آور کی ڈی این کے نمونے بھی تفتیشی حکام نے حاصل کرلئے ہیں اور ڈی این اے کے نمونوں کو مزید تفتیش کے لئے لیبارٹری روانہ کردیا گیا ہے۔ رینجرز کو نشانہ بنانے کی زمہ دار کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے گذشتہ روز ہی قبول کرلی تھی۔