کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے بہادر آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا ، جاں بحق اہلکار ہیڈ کانسٹیبل عبدالغفار اور کانسٹیبل پرویز نیو ٹاؤن تھانے میں تعینات تھے۔
دودن سکون سے گزرے ، کراچی میں پولیس پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگئی، بہادر آباد کی چار مینار چورنگی پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی ، جس سے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے ، انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاسکے اور جاں بحق ہوگئے۔
کراچی میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ، بلکہ گزشتہ چند ہفتوں میں پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا یہ پانچواں واقعہ ہے اور ان واقعات میں اب تک آٹھ پولیس اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔ گزشتہ واقعات میں بھی پولیس ابھی تک تحقیقات میں لگی ہے اور ایک واقعے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔