کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں بہادر سیکورٹی گارڈ نےڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی،دو ڈاکوئوں نے اورنگی ٹائون میں پٹرول پمپ کےعملے کو یرغمال بنانے کی کوشش کی،گارڈ نے ایک ڈاکو کو قابو کرلیا، دوسرا فرار ہوگیا۔
اورنگی ٹائون کی اقبال مارکیٹ میں واقع پٹرول پمپ دو روز پہلے موٹرسائیکل پر آنے والے دو ڈاکوئوں نے موقع جان کر لوٹنے کی کوشش کی۔ پمپ کی حدود میں پہنچتے ہی ایک ڈاکو نے پسٹل نکالا، پمپ کے ایک ملازم کو خوفزدہ کیا، پھر سیکیورٹی گارڈ کو قابو کرنے کی کوشش کی لیکن یہاں وہ غلطی کر گیا۔
سیکیورٹی گارڈ فرض شناس ہی نہیں، اپنے کام میں ماہربھی نکلا، اس نے پہلے یوں ظاہر کیا، جیسے وہ مسلح ڈاکو پر گولی چلانے والا ہے، یہ چال کامیاب رہی اور جونہی ڈاکو کی توجہ اپنے ’جرم‘ سے ہٹ کر اپنی جان کی طرف گئی، سیکیورٹی گارڈ نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے دبوچ لیا،پھر کیا تھا، ایک کے بعد ایک، پمپ کے دیگر ملازم بھی مدد کو آپہنچے،یہ نظارہ دیکھ کر موٹر سائیکل پر بیٹھا دوسرا ڈاکو ’دُم دبا کر‘ بھاگ کھڑا ہوا۔
اس کے بعد پمپ کے ملازمین، اور جمع ہونے والے لوگوں نے ڈاکو کا وہی حشر کیا، جو پکڑے جانے پر عموما کیا جاتا ہے۔بعد میں پولیس بھی پہنچی اور ڈاکو کو اسلحے سمیت اپنی تحویل میں لیکر اقبال مارکیٹ تھانے منتقل کردیا ۔ گرفتار ڈاکو کی شناخت شاہد بہاری کے نام سے ہوئی ہےجو اس سے قبل بھی مختلف وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ پر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنانے والا سیکیورٹی گارڈ ہیرو ہے اور انعام کا مستحق بھی۔