کراچی (جیوڈیسک) ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گر گئی جس کے ملبے سے ایک شخص کی لاش اور 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا۔
جعفر طیار سوسائٹی میں صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے تین منزلہ رہائشی عمارت کے گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔
جائے وقوعہ پر ایدھی کے رضا کاروں، رینجرز اہلکاروں سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود ہے۔
جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اب تک ملبے سے ایک شخص کی لاش اور 4 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے جب کہ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ عمارت میں 4 فیملیز رہائش پذیر تھیں۔
ملبے تلے 12 افراد کے دبنے کا خدشہ ہے، ریسکیو ٹیموں نے اہل علاقہ کی مدد سے ریسکیو آپریشن تیز کر دیا اور موقع پر ہیوی مشینری بھی موجود ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر پہنچ کر امدادی کام کی نگرانی کریں اور ہر صورت انسانی جانوں کو بچایا جائے۔