کراچی (جیوڈیسک) گلشن اقبال بلاک دس میں سینٹرل کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکینوں پر اچانک ہی مصیبت آن پڑی، ایک سو بیس گز پر بنی پانچ منزلہ رہائشی عمارت چار انچ زمین میں دھنس گئی اور ایک طرف کو جھک گئی۔ عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ گئی ہیں جس کے بعد فوری طور پر تمام فلیٹس اور دکانیں خالی کرا لی گئیں۔
اس بلڈنگ کے اطراف میں بنی دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر ضلع شرقی شوکت علی کا کہنا ہے کہ اب اصل مسئلہ بلڈنگ گرانے کا ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے سے ان کا سب کچھ ختم ہو جائے گا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اس عمارت کی تعمیر مختلف مراحل میں ہوئی ہے۔
چار منزلوں کے بعد پانچویں منزل پر اضافی پینٹ ہاؤس بنا دئیے گئے۔ انتظامیہ نے عمارت کو سیل کر دیا ہے اور بلڈر کی تلاش شروع کر دی ہے۔