کراچی (جیوڈیسک) کراچی، برنس روڈ دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں رینجرزکے2 اہلکار، جبکہ 6 پولیس اہلکار اورجسٹس مقبول باقر کا ڈرائیور شامل ہے۔ دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق برنس کے علاقے اردو بازار چوک پر دھماکا ہوا جس میں ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس مقبول باقر کی گاڑی پر کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کے نتیجے پولیس موبائل اور ایک موٹر سائیکل تباہ جبکہ ایک پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق برنس روڈ دھماکے میں 6 سے 8 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جس کو ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے اڑایا گیا۔
دھماکے میں بال بیرنگز اور نٹ بولٹ استعمال کیے گئے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر نجی ھسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔