کراچی کی تاجر برادری کا تحریک انصاف کی ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اعلان

Strike

Strike

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی تاجر برادری نے پاکستان تحریک انصاف کی شہر میں 12 دسمبر کی ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے اگر شہر میں بدامنی ہوئی اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔ کراچی کی تاجر برادری نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری محاذ آرائی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ملک میں کئی ماہ سے جاری احتجاجی صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ تاجر رہنمائوں نے پی ٹی آئی کی 12 دسمبر کی ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

تاجر رہنمائوں کا کہنا ہے کہ کاروبار و معیشت کو پہلے ہی ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہے۔ معیشت مزید نقصانات کی متحمل نہیں ہوسکتی ہے۔ حکومت کو 12 دسمبر کو احتجاجی صورتحال اور بدامنی کے خدشات کے پیش نظر تاجروں اور عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

تاجر رہنمائوں کا کہنا ہے کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں سرمایہ کاری کا عمل بری طرح متاثر ہورہا ہے۔