کراچی: زیر حراست نوجوان کی ہلاکت، مشتعل افراد کا سچل تھانے پر دھاوا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک)کراچی کے علاقے سچل تھانے میں نوجوان کی گزشتہ روز ہلاکت کے خلاف نامعلوم رینجرز اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج ہونے پرمشتعل افراد نے تھانے پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی کوشش۔ پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔

سچل تھانے میں گزشتہ روز تشدد سے نوجوان بلال کی ہلاکت کے خلاف نامعلوم رینجرز اہلکاروں کے خلاف نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بلال کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا۔ نامعلوم رینجرز اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر مقتول کے لواحقین مشتعل ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث رینجرز اہلکاروں کو مقدمے میں نامزد کیا جائے۔

بلال کے والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقدمہ درج نہیں کرایا۔ان کا شناختی کارڈ لے لیا گیا تھا۔مشتعل افراد نے تھانے پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی کوشش کی۔پولیس نے تھانے میں آنے والوں کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔ اس کے بعد مشتعل افراد تھانے کے باہر جمع ہو گئے اور تھانے کا گھیرا کر لیا۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ چوکی انچارج کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ اس واقعہ پر متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کیا جا چکا ہے۔