کراچی (جیوڈیسک) سندھ رینجرز نے سینٹرل جیل کراچی سے خطرناک دہشت گردوں کو چھڑانے کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی کے گھر سے بنائی گئی سرنگ پکڑی گئی، دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑدیا گیا۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کئی دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈی جی رینجرز کرنل طاہر نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی سینٹرل جیل کو سرنگ کے ذریعے توڑنے کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا ہے، گرفتاردہشت گرد کی نشاندہی پر کئی علاقوں میں چھاپے مارے گئے، جس کے دوران جیل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سرنگ پکڑی گئی،۔
چھاپے کے وقت دہشت گرد سرنگ کے ذریعے اپنے ہدف سے صرف 10 میٹر دور تھے، دہشت گردوں نے سرنگ 55 میٹر لمبی کھودنی تھی وہ 45 میٹر کھود چکے تھے۔ کرنل طاہر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد غوثیہ کالونی سے جیل میں گھسنے کے لیے سرنگ بنا رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل سے ملحقہ کالونیوں سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
جو سرنگ کے ذریعے جیل میں داخل ہوناچاہتے تھے، مختلف کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد جیل میں قید ہیں، جیل توڑنے کی کوشش میں کالعدم تنظیموں کے لوگ ملوث ہیں۔ کرنل طاہر کے مطابق پکڑے گئے ملزمان نے بتایا ہے کہ کچھ مہینوں سے سرنگ کھودنے کا کام کر رہے تھے، ملزمان سرنگ سے نکالی گئی مٹی دوسرے علاقے میں پھینک کرآتے تھے۔
منظم منصوبے کے تحت جیل توڑنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں کہ اندر کی اطلاع کے بغیر باہر کام کیا جائے، ایسے لوگ یقیناً ہوں گے جنہوں نے جیل کے اندرسے مدد کی ہوگی، جیل کے قریب مکان ساڑھے پانچ ماہ قبل خریدا گیا تھا، میری رائے میں جیل کے اندر کے لوگ بھی ملوث ہوں گے۔
مکان بنانے اور بیچنے والے کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔ کرنل طاہر نے بتایا کہ جیل میں خطر ناک قیدی موجود ہیں اس لیے جیل کی سیکیورٹی پر کام ہورہا ہے ، شہرکے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، کئی جگہ چھاپے مارے، اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا، کارروائی کے دوران کھدائی میں مصروف لوگوں کو پکڑا گیا ، ملزمان سرنگ کھود کر جیل میں موجود کنویں تک پہنچنا چاہتے تھے، ماسٹر مائنڈ پکڑا گیا یا نہیں یہ نہیں کہہ سکتا۔