کراچی (جیوڈیسک) کراچی سینٹرل جیل توڑنے اور خطرناک قیدیوں کو فرار کرانے کے منصوبے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، سیکریٹری داخلہ سندھ تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہونگے۔
کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے کراچی سینٹرل جیل توڑنے کی سازش کا سندھ حکومت نے سخت نوٹس لے لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، تحقیقاتی کمیٹی میں محکمہ داخلہ اورجیل خانہ جات سندھ کے افسران کے علاوہ حساس ادارے بھی شامل ہونگے، سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہونگے، کمیٹی ایک ہفتے میں ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی۔
حکومت سندھ کی جانب سے صوبے کی جیلوں کی سیکورٹی کے ازسرنو جائزے اور مزید سیکورٹی کے لیے جیل سپرنٹنڈنٹ سے سفارشات بھی طلب کر لی ہیں۔