کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کے مطابق گرفتار ملزم عبد القدیم بچی کو غیر اخلاقی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کر کے پیسوں کا تقاضہ کر رہا تھا۔
ملزم نے بچی کی تصاویر اس کی والدہ کو بھیجیں اور رقم طلب کی جبکہ ملزم نے رقم نہ دینے پر بچی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
13 سالہ بچی کی والدہ کی شکایت پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گلشن اقبال سے گرفتار کر لیا۔
ملزم کے موبائل سے متاثرہ بچی کی کئی تصاویر بھی مل گئی ہیں جبکہ ملزم کے خلاف سائبر کرائم سرکل میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔