اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ میں کراچی کا واقعہ اٹھانے پر کمیٹی نے ڈی جی رینجرز سندھ کو طلب کر لیا۔ چیئرمین طلحہ محمود کہتے ہیں ڈی جی رینجرز پیر کو پیش ہو کر معاملے کی وضاحت کریں۔
کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کراچی میں گرفتاریوں کا معاملہ اٹھایا۔ طاہر مشہدی نے کہا کہ کراچی میں اردو بولنے والوں اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کراچی میں ایک سال کے دوران سولہ ہزار شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتاریوں کے باوجود امن وامان کی صورتحال بہترنہیں ہوئی۔ کراچی میں ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام شہریوں کو گرفتار کرکے حراساں کیا جا رہا ہے۔
قانون نافذ کرنے والوں اور توڑنے والوں میں کوئی فرق نہیں۔ جس پر کمیٹی نے ڈی جی رینجرز سندھ کو طلب کر لیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی غیرحاضری پر احتجاج کیا۔ گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے معاملے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔
انعام غنی نے کہا کہ ملک میں ایٹھ کمپنیوں کو گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کا این او سی حاصل ہے۔ ایک کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی نے اسلحہ لائسنس پر عائد پابندی ہٹانے کی بھی سفارش کر دی۔