کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں معمر افراد کو عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اور اسی سلسلے میں ایک 100 سالہ شہری نے بھی ویکسین لگوا لی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق گزشتہ روز آغا خان میں قائم ویکسی نیشن سینٹر میں وہیل چیئر پر لائے جانے والے اسرائیل احمد مینائی کا دعویٰ تھا کہ ان کی عمر 100 سال ہے جس کی تصدیق شناختی کارڈ پر درج ان کی تاریخ پیدائش نے بھی کی۔
آغا خان میں قائم ویکسی نیشن سینٹر کے اسٹاف کے مطابق اسرائیل احمد مینائی اپنی جسامت کے اعتبار سے عمر زیادہ سے زیادہ 75 سال کے معلوم ہوتے تھے لیکن ان کے شناختی کارڈ نے تمام اندازے غلط ثابت کر دکھائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل احمد مینائی کے بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے اور پوری طرح مطمئن ہونے کے بعد ان کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل احمد مینائی کو تقریباً آدھے گھنٹے تک جانچ کے عمل میں رکھا گیا لیکن ان کی جانب سے سر میں ہلکے سے بھاری پن کے علاوہ کوئی شکایت نہیں کی گئی جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
اسرائیل احمد مینائی کا کہنا تھا کہ میں ابھی مزید جینا چاہتا ہوں، اللّٰہ تعالی نے مجھے ابھی تک کورونا وائرس سے محفوظ رکھا ہوا ہے اور ویکسین لگوا کر آگے بھی صحت مند زندگی جینا چاہتا ہوں۔