کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں دن کے آغاز سے ہی موسم خوشگوار ہے۔ شہریوں نے موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ساحل کا رخ کرلیا ہے۔ ہلکی پھوار نے پکنک پر آنے والے شہریوں کی تفریح کا مزہ دوبالا کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کالی گھٹائیں برسنے کو تیار ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی پھوار کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری سہانے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے ساحل پہنچ گئے۔ سمندر کی لہروں اور ٹھنڈی ہواں نے پکنک پر آئے بچوں ہی نہیں بڑے کو بھی اپنے سحر میں گم کردیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ اور شدید گرمی میں یوں موسم کا تبدیل ہوجانا کسی نعمت سے کم نہیں۔ سمندر پر پکنک ایک سستی تفریح بھی ہے اور لوڈشیڈنگ اور گرمی کے ستائے عوام کو کچھ دیر کے لئے راحت کے لمحات مل جاتے ہیں۔