کراچی (جیوڈیسک) ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آمد کے باعث شہریوں کو کانگو فیور سے محفوظ رکھنے کے لیے قبل از وقت حفاظتی اقدامات پر فوری کام شروع کردیا جائے، جانور کی صحت کا سرٹیفکیٹ دینے والا افسر اس بات کا ذمہ دار ہوگا کہ جانور بیمار نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کی صبح کے ایم سی بلڈنگ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔اجلاس میں بلدیاتی افسران کے علاوہ سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری، لائیو اسٹاک کے ڈپٹی ڈائریکٹر ، محکمہ صحت سندھ کے نمائندے اور دیگر موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں کام کرنے والے ویٹرنری ڈاکٹرز، ٹیکنیکل عملے اور دیگر متعلقہ افراد کو درپیش مسائل حل کیے جائیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں اس وقت 16 ویٹرنری اسپتال ہیں جو جانوروں کا طبی معائنہ کرتے ہیں، شہر میں قربانی کے لیے 13 لاکھ جانور لائے جاتے ہیں، جن میں سے 98 فیصد صحت مند اور صرف 2 فیصد بیمار ہوتے ہیں۔