کراچی شہر کے حالات پھر سے خراب کئے جا رہے ہیں، شاہ اویس نورانی صدیقی

Karachi

Karachi

کراچی: جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ 2016 کے حساب کی کتاب صحیح کرنے کے بعد حکومت نے آہستہ آہستہ ہر چیز کی قیمت بڑھانا شروع کردی ہے،عوام کی معاشی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ مہنگائی کا مقابلہ کرسکیں، پاکستان میں عوام کی قوت خرید تاریخی حوالے سے بہت نیچے آچکی ہے، سیکورٹی کے حالات نے معیشت کی کرم توڑدی ہے ایسے میں حکومت پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھائے گی تو عوام کہاں جائے گی؟حکومت کو پیٹرول سستا ملتا ہے پھر بھی مہنگا مارکیٹ کیا جاتا ہے۔

درآمدات اور برآمدات پر مسلسل پابندیوں اور ٹیکسوں کی وجہ سے ملک کے تجارت کا بٹا بٹھا دیا گیا ہے،کراچی ڈویژن کے اراکین کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ مسلسل پیٹرولیم مصنوعات سے مہنگائی کی شرح بڑھ چکی ہے اور اس میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، عام شہری کے زندگی ہر طرف سے مشکل کی جا رہی ہے، حکومت معاشی پالیسی واضح کرنے کی ضرورت ہے،2017کے آغاز سے ہی عوام پر مہنگائی کا طوفان مسلط کردیا گیا ہے،اس کے ساتھ تاجروں کے لئے بھی مسائل پیدا کئے گئے ہیں،جنہوں نے قرضے لئے ان سے پلی بارگین کے بعد عام معافی ہے، اور جو عوام ٹیکس بھرتی ہے ان کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑا جا رہا ہے، اس ملک کی معاشی بنیادوں کو سرمایہ دارانہ نظام نے کھوکھلا کردیا ہے، غریب کے لئے کوئی ضمانت نہیں ہے جب کہ امیر کے لئے بیرون ملک سے وضاحتیں بھی آجاتی ہیں، میرٹ اور ایمانداری کو معاشرے میں سب سے کمتر درجے پر رکھا گیا ہے۔

چالیس خاندانوں نے اس ملک کی اسٹبلشمنٹنٹ اور اداروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے،ملک حقیقی طور پر جاگیرداروں سے آزاد نہیں ہو سکا ہے، شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ کراچی شہر کے حالات پھر سے خراب کئے جا رہے ہیں، کراچی آپریشن کو جبری ختم کردیا گیا جو مجرم گرفتار ہوئے سب کو چھوذ دیا، حکومت نے کراچی کو پھر سے لا وارث کردیا ہے،سٹریٹ کرائم، ڈکیتی، اغواہ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم پھر سے بڑی تیزی کے ساتھ شہر میں رونما ہو رہے ہیں، رات کا اندھیرا ہوتے ہی شہر میں خوف کے سائے منڈلانا شروع ہوجاتے ہیں،حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ترجیح بنیادوں پر شہر میں امن قائم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے،حالات بہتر نہ ہوئے تو پھر شہر میں تاریخ کا سب سے بڑا امن مارچ کرینگے۔

نورانی میڈیا سیل جمعیت علماء پاکستان