کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ رات ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والا ملزم سول اسپتال سے حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم ٹریفک پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔
منگل کی شام ناظم آباد میں بورڈ آفس کے قریب موٹرسائیکل سوار 2ملزمان نے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے ایک اہلکار جمن زخمی ہوگیا۔تاہم ساتھی اہلکار کی بروقت فائرنگ سے ملزم زخمی ہو گیا اور موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا ،کچھ ہی دیر بعد 24 سال کے ملزم بلال کو سول اسپتال لایا گیا ،جسے دوران علاج حراست میں لے لیا گیا لیکن وہ ابھی بیان ریکارڈ کرانے کی حالت میں نہیں۔
17 روز کے دوران 5ٹریفک اہلکار قتل جبکہ 6 زخمی ہوچکے ہیں، متعلقہ حکام کے مطابق تمام حملوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے۔
ادھر ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر امیر شیخ کی جانب سے ٹریفک اہلکاروں کی حفاظت کیلئے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھنے کے بعد ساؤتھ زون کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ رینجرز کو تعینات کردیا گیا جبکہ دیگرعلاقوں میں بھی رینجرز کی تعیناتی کا سلسلہ جا ری ہے۔