کراچی میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کی جارہی ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں فرقہ وارانہ قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے شرپسند عناصر ایک تسلسل کے ساتھ شہرمیں فرقہ وارانہ بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کررہے ہیں تاکہ ان واقعات کو بنیاد بناکر شیعہ اور سنی عوام کو آپس میں لڑایا جائے لیکن شیعہ وسنی عوام نے اس بربریت کے باوجود اپنے اتحاد میں کوئی فرق نہیں آنے دیا ہے۔

الطاف حسین نے کہاکہ ملک اور اسلام دشمن قوتوں کو کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قطعی برداشت نہیں ہے اور وہ دونوں جانب کے ممتاز افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر کراچی کا امن برباد کرنے پرتل گئے ہیں۔ الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر، فقہوں اورمسالک سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ امن دشمن عناصر کی سازشوں کو سمجھیں اوراپنے امن واتحاد سے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازشوں کو ناکام بنادیں۔