کراچی (جیوڈیسک) ناردرن بائی پاس اور بوٹ بیسن میں پولیس مقابلوں میں چار ملزم مارے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران تیس ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ گزشتہ روز ایس ایچ او پریڈی کے قتل کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس میں درج کرلیا گیا۔
ناردرن بائی پاس رئیس گوٹھ میں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد پولیس پر حملوں میں ملوث تھے ، ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکو مارے گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے ، ان کے قبضے سے اسلحہ ، نقدی، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ، دوسری جانب پولیس نے لسبیلہ ، جمشید کوارٹر اور پی آئی بی کالونی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔
اس دوران سٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان سمیت تیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گزشتہ روز ایس ایچ او پریڈی کے قتل کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ، مقدمے میں قتل ، اقدام قتل سمیت انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔