کراچی کے حالات پر فوری توجہ دی جائے، تحریک انصاف

PTI

PTI

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سبحان علی ساحل اور راجہ اظہر علی نے وفاقی حکومت سے کراچی کی صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔ انصاف ہاؤ س میں رات گئے کی جانیوالی پریس کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ غیر اعلانیہ طور پر شہر کو بند کرائے جانے کی وجہ سے کراچی میں خوراک کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کراچی میں معمولات زندگی بحال کرانے کیلئے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے قائد اور انکے کارکنان سے انہیں ہمدردی ہے مگر احتجاج کا ایک طریقہ ہونا چاہئے کیونکہ احتجاج ہر جماعت کا حق ہے جس سے اسے کوئی نہیں روک سکتاہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ شہر کے حالات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو اسکے نتائج ٹھیک نہیں نکلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو معمول پر لانا حکومت کی ذمہ داری ہے ،شہر بند ہونے سے ملک کی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے اور عام مزدور کا بھی یومیہ بنیادوں پر حرج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سے تعلیمی سر گرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔