کراچی (جیوڈیسک) معروف کامیڈین اداکار عمر شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے موجودہ حالات اسٹیج ڈرامہ کرنے کی اجازت نہیں دیتے‘ ان حالات کے سبب شہرقائد میں اسٹیج ڈرامے کم ہوگئے ہیں، عوام خوف کے باعث گھروں سے نہیں نکلتے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمایندہ ایکسپرس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم نے اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ مل کر بہت سے معیاری اسٹیج ڈرامے پیش کیے اور لوگ انھیں جوق در جوق دیکھنے آیا کرتے تھے، اب حالات کی وجہ سے کراچی کے عوام ڈرامے دیکھنے اس طرح سے نہیں آتے۔
ایک سوال کے جواب میں عمرشریف کا کہنا تھا کہ اپنی مصروفیت کی وجہ سے میں کراچی میں اسٹیج ڈرامے نہیں پیش کرسکا تھا مگر جلد اہلیان کراچی کوخوش خبری دوں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے فنکار محنت کر رہے ہیں ایسے میں ثقافتی اداروں کو بھی ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔