کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع، کل سے ریکارڈ توڑ سردی پڑنے کا امکان

Karachi Cold Weather

Karachi Cold Weather

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں ٹھنڈی، تیز اور گرد آلود ہوائيں چل پڑی ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے کل سے شہر میں ریکارڈ توڑ سردی پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے اور اتوار سے کراچی میں نئے مغربی سلسلے کے تحت معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے باعث پیر سے جمعہ تک کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ رہےگا، اس دوران کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور شہر میں سردی کا 7 سال کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے، سردی کی شدت 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہ سکتی ہے۔ 2013 میں کراچی کا کم سے کم پارہ 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہو چکا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری میں سردی کی ایک اور لہرکراچی میں داخل ہو گی، 6 اور 7 جنوری کے درمیان کراچی میں بارش کا بھی امکان ہے۔