کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) شہر قائد میں مبینہ طور پر کورونا سے مرنے والی خاتون سے وائرس اس کے پولیس اہلکار بیٹے میں منتقل ہو گیا۔
ایس ایس پی ملیر علی رضا کے مطابق میمن گوٹھ کے رہائشی پولیس اہلکار میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد اُسے نجی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر علی رضا کے مطابق 12 اپریل کو پولیس اہلکارکی والدہ کا انتقال ہوا تھا، جن کے بارے میں کورونا کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
علی رضا کے مطابق والدہ کی تدفین کے روز متاثرہ اہلکار کی طبیعت خراب تھی، جس کے بعد اُس کا اور چھوٹے بھائی کا کورونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کرایا گیا، اہلکار کا مثبت اور چھوٹے بھائی منفی آیا تھا۔
ڈاکٹرز کے مطابق اہلکار کی طبعیت بہتر ہے اور وہ آئسولیشن وارڈ میں ہے، طعبیت میں مزید بہتری کے بعد اہلکار کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں تعینات پولیس کے 7 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، سینئر پولیس افسر کے ڈرائیور اور پی ایس او بھی وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔