سبی (محمد طاہر عباس) پاکستان گروپ آف جرنلسٹس اور آل پاکستان جرنلسٹس کونسل ،سبی یونین آف جرنلسٹس کے تعاون سے کراچی سمیت ملک بھر میں صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ڈسٹرکٹ پریس کلب کی جانب سے جرگہ ہال سے احتجاجی ریلی ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر جاوید رند کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صحافیوں کے علاوہ سیاسی تنظیموں ،ٹریڈ یونینز کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر احتجاجی نعرے درج تھے احتجاجی ریلی شہر کی مختلف شاہرائوں سے ہوتی ہوئی ساقی چوک پہنچ کر احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کرگئی احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر جاوید رند ،نائب صدر حاجی سعید الدین طارق ، بی این پی کے ضلعی صدر در محمد بلوچ، پی ٹی آئی کے اللہ ڈنہ خجک ، مسلم لیگ ن کے منیر احمد بگٹی ،ریلوے محنت کش کے یونس سولنگی ، ریلوے لیبر یونین سیف اللہ مگسی، وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر شاہ میر سیلاچی ، بلوچستان متحدہ محاذ فدا حسین ، ایپکا کے ضلعی صدر محراب خان، اے این پی کے رہنما مجتبیٰ خجک ، ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر مرتضیٰ خان خجک ،جماعت اسلامی کے اکبر علی ابڑو کے علاوہ سیاسی اور ٹریڈ یونینزاور دیگر صحافیوںنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں کو ٹارگٹ کرنا صحافت پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہے۔
صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر حق اور سچ لکھتے اور دکھاتے ہیں مقررین نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ صحافت سے تعلق رکھنے والوں کو حکومت کی جانب سے مکمل تحفظ دیا جائے تاکہ صحافی اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے سکیں مقررین نے کراچی سمیت ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے صحافیوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور شہید صحافیوں کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے پچاس لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا جائے مقررین نے کہاکہ کراچی سمیت ملک بھر میں شہید ہونے والے صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ پر ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہید ہونے والے صحافیوں کے لواحقین کی زیادہ سے زیادہ مالی معاونت کی جائے اور شہداء کے بچوں کو ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے اور شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے مقررین نے کہاکہ قاتلوں کی فی الفور گرفتاری نہ کی گئی تو ہم اپنے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔