کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے گلشن اقبال کے سپر سٹور کو کھولنے کی اجازت دے دی، انتظامیہ نے 3 بجے سے ساڑھے نو بجے تک سٹور بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ڈویژن بینچ میں گلشن اقبال کے سپر سٹور کی انتظامیہ کی جانب سے سٹور کی بندش کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔
مقامی انتظامیہ نے 3 بجے سہہ پہرسے ساڑھےنو بجے تک سٹور بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا ۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے مقامی انتظامیہ سے استفسار کیا کہ آپ نے کاروبار کیوں بند کرایا ، آپ ٹریفک کنٹرول کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ پارکنگ کی اجازت نہ دیں ، لوگ پارکنگ کرتے ہیں تو یہ انتظامیہ کی ناکامی ہے جو گاڑی پارک ہو اسے اٹھا لیا جائے یا ٹائر کی ہوا نکال دی جائے اور پارکنگ کرنے والے کو دس ہزار روپے جرمانہ کیا جائے۔ عدالت نے سپر سٹور کو کھولنے کی اجازت دے دی۔