کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کو غیر جانبدار و غیر سیاسی ہونا چاہئے، طاہر حسین

کراچی : پاکستان و عوام کو امن و تحفظ کی فراہمی اور دہشتگردی و مسائل سے نجات دلانا حکومتی فریضہ ہے اور پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں اس فریضے کو انتہائی دیانتداری سے نبھاتے ہوئے پاکستان و عوام کو مکمل جانی ومالی تحفظ کے ساتھ معاشی و سماجی اور قانونی تحفظ بھی فراہم کیا ان کے دور میں نہ صرف پاکستان تیزرفتار و ریکارڈ ترقی کررہا تھا بلکہ عوام بھی خوشحال و مطمئن تھے اور کراچی سمیت پاکستان کے کسی بھی حصے میں قتل و غارت، بھتہ خوری، اغوأ برائے تاوان اور لاقانونیت نہیں تھی مگر مشرف کو ہٹاکر لائی جانے والی جمہوری حکومتوں نے پاکستان کو خطرات اور عوام کو عدم تحفظ سے دو چار کر دیا ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مفاد پرستی کے باعث بڑھنے والی لاقانونیت نے ملک بھر میں لاقانونیت, دہشتگردی اور عدم تحفظ و استحصال کو فروغ دیا ہے اور کراچی بارود کا ڈھیر بن چکا ہے اس صورتحال میں کراچی میں قیام امن کیلئے بے رحم آپریشن تقاضائے وقت ضرور ہے مگر نیک نیتی اور غیر جانبداری کا متقاضی بھی ہے۔

اسلئے اگر یہ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ, قانون کی حکمرانی، عوامی تحفظ اور تجارت و کاروبار کے فروغ کی نیت سے ہے تو ثمر بار ہوگا لیکن اگر اس کے پس پردہ سیاسی مفادات اٹھانے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج ملک وقوم، عوام اور جمہوریت سمیت ہر طبقے کیلئے بھیانک ثابت ہوں گے۔