کراچی (جیوڈیسک) شہرِ قائد میں گزشتہ 25 روز کے دوران بجلی کا پانچواں بڑا بریک ڈاؤن ہوا، جس کے باعث آدھا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔
بریک ڈاؤن کے باعث گلشن اقبال، گلستان جوہر، ایف بی ایریا، بہادرآباد، پی ای سی ایچ ایس، جمشید روڈ، ناظم آباد، گلزار ہجری، شاہ فیصل، لانڈھی، کورنگی اور ملیر میں کافی دیر بجلی غائب رہی۔
دن کے اوقات میں بھی کئی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے شہری پریشان ہیں۔
دوسری جانب شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی جاری ہے اور جن علاقوں میں فالٹس ہیں وہاں عملہ بحالی کی کوششوں میں مصروف ہے۔
اس سے قبل 20 اکتوبر کو بھی کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے کے باعث شہر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے تھے، جسے بعدازاں بحال کر دیا گیا تھا۔