اہلیان کراچی 5 دسمبر کو کراچی کو تاریکی میں ڈبونے والوں کے خلاف میدان میں نکلے، نعیم الرحمن

Hafiz Naeem Ur Rehman

Hafiz Naeem Ur Rehman

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی کراچی اور یو سی 19 الفلاح، نارتھ ناظم آباد سے چیئرمین کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ نئی نسل باصلاحیت ہے اسلامی تعلیمات پر عمل اسے دنیا کی سب سے بہتر قوم بنا سکتی ہے، امت مسلمہ کو اپنے نوجوانوں سے ہی امیدیں ہیں جو طاغوت کا مقابلہ کریں گے اور امت مسلمہ کو ایک بار پھر عروج کی منازل طے کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الفلاح میں جماعت اسلامی کے تحت منعقد ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی میں اس قسم کی سرگرمیاں ناپید ہوتی جا رہی ہے، لینڈ مافیا گرائونڈز اور پارک کی زمینوں پر قبضہ کرکے ان پر غیر قانونی تعمیرات قائم کر رہی ہے جس کی وجہ سے نوجوان نسل کھیلوں کے بجائے دوسری غیر اخلاقی سرگرمیوں اور جرائم کی طرف راغب ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے بعد ان تمام گرائونڈز اور پارکس کو دوبارہ سے آباد کرے گی اور نوجوانوں کے لئے ڈسٹرکٹ کی سطح پر بہترین گرائونڈ بنائے گی اور نوجوانوں کے لئے صحت مندانہ سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی، انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 5 دسمبر کے دن شہر کراچی سے دہشت گردی، لاقانونیت، چائنا کٹنگ مافیا اور روشنی کے شہر کو تاریکی میں ڈبونے والوں کے خلاف میدان میں نکلے اور اپنے بہتر مستقبل کے لئے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔

اختتامی تقریب میں حافظ نعیم الرحمن نے ٹورنامنٹ کی کامیاب ٹیم کو ٹرافی اور اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے نارتھ ناظم آباد بلاک C، میں کارنرز میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے دعویداروں نے عوام کے مسائل حل نہیں کئے۔ مسائل کے حل کے لیے عوام کو میدان میں نکلنا ہو گا۔ ووٹ کی طاقت سے عوام اپنے اور اپنے شہر کے مستقبل کو محفوظ کرسکتے ہیں، 5 دسمبر کا دن شہر کراچی کے لئے نہایت اہم ہے، ہمیں اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ان لوگوں کو مسترد کرنا ہوگا جنہوں نے شہر کراچی کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

عوام 5 دسمبر کو بلا خوف گھروں سے نکلیں اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں، جماعت اسلامی نے باصلاحیت اور باکردار لوگوں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے، نیک اور صالح لوگ ہی شہر کے مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر کراچی کے باسیوں جماعت اسلامی نے اس شہر کو عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان جیسے لوگ دیئے ہیں جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں اس شہر کو مثالی شہر بنایا۔ 5 دسمبر کو اہلیان کراچی اس شہر کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے سپرد کرنے والوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کرکے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320