کراچی میں بیٹی نے ڈنڈے کے وار کر کے باپ کو ابدی نیند سلا دیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کورنگی انڈسٹریل ایریا میں نوجوان بیٹی نے ڈنڈے کے وار کر کے اپنے سگے باپ کو قتل کر دیا۔

کورنگی کے علاقے بنگالی پاڑہ میں نوجوان لڑکی فرزانہ نے اپنے سگے باپ لال خان کو سر میں ڈنڈے مار مار کر قتل کرنے کے بعد خود تھانے پہنچ کر گرفتاری دے دی جب کہ پولیس نے ملزمہ کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا۔

ملزمہ فرزانہ کا کہنا ہے کہ باپ کی جانب سے تشدد کیا جاتا تھا اور تشدد سے تنگ آ کر انہیں سوتے ہوئے سر میں ڈنڈے مار کر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کے بیان سے لگتا ہے اصل حقائق کچھ اور ہیں تاہم مقتول کے بھائی کی مدعیت میں فرزانہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمہ کو کل عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ لیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی 3 مہینے قبل ہی شادی ہوئی تھی اور اپنے گھر والوں سے ناراض ہو کر والد کے گھر آ گئی تھی تاہم باپ کی جانب سے دوبارہ جانے کے لئے سختی کی گئی جس پر ملزمہ نے طیش میں آکر لال خان کو قتل کر دیا۔