کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور انکے بیٹے کے قتل پر رابطہ کمیٹی کی اپیل پر آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے، کراچی میں پیٹرول پمپ بند ہیں،پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے، جامعہ کراچی، جامعہ اردو، انٹر اور ٹیکنیکل بورڈ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کے قتل کے خلاف تین روزہ سوگ منا رہی ہے،رابطہ کمیٹی کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ بھر میں آج تجارتی و کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے تاجروں، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز اور صنعت کاروں سے اپنی سرگرمیاں معطل رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری نے پرامن یوم سوگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔پیٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز کے علاوہ صبح کھلنے والے ہوٹل، بیکری اور دکانیں بھی بند ہیں۔ ٹیکنکل بورڈ کے تحت آج ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی کے رکن ساجد قریشی کو بیٹے سمیت گزشتہ روز نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتولین کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر جناح گرانڈ کراچی میں ادا کی جائے گی۔