کراچی (جیوڈیسک) داعش پاکستان کا آپریشنل کمانڈر کامران گجر پولیس مقابلے میں مارا گیا، ملزم پولیس، رینجرز اہلکاروں اور سیاسی کارکنوں کے قتل سمیت بم حملوں میں بھی ملوث ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وفاقی ادارے کی اطلاع پرسی آئی اے کراچی اور پولیس نے اتحاد ٹائون میں مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔
دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کیا جس میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3دہشت گرد فرار اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا اور بعد میں دم توڑ گیا۔
ملزم کی شناخت کامران گجر کے نام سے ہوئی،ملزم ماضی میں القاعدہ کے پلیٹ فارم سے دہشت گردی کی کارروائیاں کیں اور اب داعش کا کمانڈر تھا۔
پولیس چیف کہتے ہیں کراچی آپریشن کے نتیجے میں دو گروہ خوف وہراس پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایک گروہ سیاسی مقاصد کے لیے کارروائیاں کرتا ہے۔