کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں کھڑی ہوئی گاڑی میں نصب کردہ بم پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔ذرائع کے مطابق جس شخص کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، اس کو کچھ عرصے قبل بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ گاڑی کے مالک جعفر امام کی مدعیت میں تھانہ عزیز آباد میں درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق عزیز آباد کے علاقے میں کھڑی ہوئی گاڑی میں نصب کردہ بم کے پھٹنے سے دھماکا ہوا،جس کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
تاہم دھماکے کے وقت گاڑی میں کوئی شخص سوار نہیں تھا جس کے باعث جانی نقصان نہیں ہوا، رینجرز ذرائع کے مطابق دھماکہ جعفرامام نامی شخص کی گاڑی میں ہوا،جو اپنے بھائی سے ملنے کے لئے عزیز آباد پہنچا تھا، جعفر امام سرینہ موبائل مارکیٹ کا عہدیدار بھی ہے، اور اسے چند عرصے قبل بھتے کی پرچی بھی موصول ہوئی تھی۔رینجرز ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکا خیزمواد کو ڈرائیونگ سائیڈ پر نیچے سے نصب کیا گیا تھا،جس میں آدھا کلو گرام سے ایک کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد موجود تھا، دھماکے کے بعد متاثرہ گاڑی کو عزیز آباد تھانے منتقل کیا گیا، جہاں گاڑی میں سے ایک موبائل فون کا ٹکڑا اور بال بیئرنگ بھی ملے۔
گاڑی میں ہو نے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ عزیز آباد میں درج کر لیا گیا، ایف آئی آرگاڑی کے مالک جعفر امام نے عزیز آباد پولیس اسٹیشن میں درج کرائی ہے،دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کی ڈرائیونگ سائیڈ کے نیچے کا کچھ ٹکڑا اڑ گیا ہے،ڈی آئی جی ویسٹ نے ذرائع سے گفتگو میں بتایا کہ حملہ انفرادی نوعیت کا واقعہ ہے اوراس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔