کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز اور ڈاکوں کے مبینہ مقابلے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی جبکہ پانچ ڈاکوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ عیسی نگری میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ چکرا گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز سکس میں مسلح موٹرسائیکل سوار شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ رینجرز موقع پر پہنچ گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا جبکہ پانچ ڈاکوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب عیسی نگری میں مسلح افراد نے سرکاری گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ کورنگی میں چکرا گوٹھ کے قریب نصیر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پینتیس سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب نامعلوم افراد نے رکشے پر فائرنگ کردی جس سے رکشہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔