کراچی: جمہوریت اور آئین کو بچانے کیلئے ’’جمہور کیمپ‘‘

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے تحت کراچی پریس کلب میں جاری جمہور کیمپ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئین اور جمہوریت بچانے کیلئے حکومت اور ریاستی ادارے اپنی رٹ قائم کریں ۔ اس موقع پر جیو نیوز کی چار ماہ سے غیر قانونی بندش کی مذمت کرتے ہوئے جیو نیوزکی نشریات فوری بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔پی ایف یو جے کے تحت کراچی پریس کلب میں جمہور کیمپ کے تیسرے دن بھی سیاسی رہنماوں ، سول سوسائٹی کے افراد اور صحافیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کی سابق رکن سندھ اسمبلی نسرین چانڈیو کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو بچانے کیلئے صحافیوں نے ہمیشہ سیاسی کارکنوں کا ساتھ دیا ہے ۔جیو نیوز کی بندش آئین اور جمہوریت کی روح کے خلاف ہے ۔ پی ایف یوجے کے جنرل سیکریڑی خورشید عباسی نے کہا کہ اظہار خیال کی آزادی کا تحفظ ہر قیمت پر کریں گے آئین اور جمہوریت کو بچانے کے لیے حکومت کی رٹ نظر نہیں آتی۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری عامر لطیف نے کہا کہ جیو نیوز چار ماہ سے غیرقانونی پابندیوں کا شکار ہے۔

حکومت کیا کررہی ہے۔ کراچی پریس کلب کے سابق سیکریٹری علاو الدین خانزادہ نے کہا کہ صحافیوں پر ریاستی اورغیر ریاستی تشدد ناقابل برداشت ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جمہوری اداروں کے تحفظ کے لئے کسی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔