کراچی (جیوڈیسک) شہر میں سحرو افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے کے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور سحری کے وقت مختلف علاقے لوڈ شیڈنگ کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں سحری کے وقت لوڈ شیڈنگ میں شہر کا بڑاحصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ اورنگی، کورنگی، لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن اورگلستان جوہر میں بجلی غائب رہی جب کہ لیاقت آباد اور ایف سی ایریا میں بجلی کےساتھ ساتھ پانی بھی غائب ہو گیا جس پرعلاقہ مکینوں نے سڑکوں پر ٹائر جلا کراحتجاج بھی کیا جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثرہوئی۔
دوسری جانب کئی روز سے بجلی کی عدم فراہمی کے باعث کراچی کے علاقے یوسف گوٹھ کے مکینوں نے حب ریور روڈ پر احتجاج کیا جس کے باعث چھوٹی و بڑی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں 4 پی ایم ٹیز میں سے 3 مکمل طور پر بند ہیں جب کہ کے الیکٹرک نے چلنے والی واحد پی ایم ٹی سے بھی لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے جس سے بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی بھی قلت ہو گئی ہے، اگر ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی اور سحر و افطار کے اوقات میں عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔