کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقوں بلدیہ ٹاون، پیرآباد، اورنگی ٹاون اور شرافی گوٹھ میں پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر 43 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی اورنگی ٹاون چودھری اسد نے بتایا کہ پاکستان بازار میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 20 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا، جن کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول بھی ملی ہیں۔
پیرآباد میں گزشتہ روز کریکر بال دھماکے میں ملوث 3 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،جن کی شناخت فاروق، ایاز اور طاہر کے نام سے ہوئی ہے، کارروائی میں ایک بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل بھی ملی ہے۔ایس پی بلدیہ ٹاون شاہ جہاں خان کے مطابق مختلف تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشن کرتے ہو ئے 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار افراد کے قبضے سے 6 ٹی ٹی پستول اور ڈھائی کلو گرام چرس بھی برآمد ہوئی۔
شرافی گوٹھ سے ایک سٹے کے اڈے کے مالک کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کا گروہ موبائل فون پیغامات کے ذریعے سٹے کا کاروبار کرتا تھا۔