کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں سے 3 کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے تھا۔

ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق موچکو میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے پولیس دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے ہے اور یہ پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ پولیس نے ڈاکس کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ملزم فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

دوسری جانب ترجمان رینجرز کے مطابق نیو کراچی اور قصبہ کالونی میں مقابلے کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق قصبہ کالونی میں بھی رینجرز سے مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد کراچی دھماکے اور رینجرز اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔