کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے 4 اضلاع میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، جس کا اطلاق 5 دسمبر کی شام 7 بجے تک ہو گا۔
جن علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے ان میں گلشن معمار، سرجانی ٹاؤن حسین محمد گوٹھ، کورنگی کی تین یونین کمیٹیز، سول لائن کے پوش علاقے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خیابان بدر، باتھ آئی لینڈ اور خیابان اتحاد کی مخصوص گلیوں میں بھی مائیکرو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے افراد پر ماسک پہننا لازمی ہو گا، لوگوں کی نقل و حرکت کو سختی سے محدود رکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں پرچون کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری اشیاء کی دکانیں مخصوص اوقات میں کھولنے کی اجازت ہو گی جب کہ کسی قسم کے کھانے کی ہوم ڈیلیوری کی اجازت نہیں ہو گی۔
ان علاقوں میں صنعتی اور تجارتی مراکز بند رہیں گے اور گھر کے ایک فرد کو کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری کی مشروط اجازت ہو گی اور اسے پولیس کو شناختی کارڈ دکھانا ہو گا جب کہ گھروں میں بھی کسی بھی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں ہو گی اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو ٹھوس وجہ بتانا ہو گی۔
خیال رہے کہ کراچی میں کورونا کی دوسری لہر میں تیزی کے بعد گزشتہ روز کمشنر کراچی نے فیصلہ کیا تھا کہ ایسے تمام علاقے جہاں کورونا کے مریض ہوں گے وہاں صورتحال دیکھ کر کہیں اسمارٹ لاک ڈاؤن تو کہیں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔