کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے شہر قائد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے لیکن یہ پابندی صرف عام آدمی کے لئے ہے مجرموں پر نہیں، وہ تو آتے ہیں اور کامیاب کارروائی کر کے چلے بھی جاتے ہیں، یہی ہوا ہے اورنگی ٹاؤن میں جہاں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا۔
اورنگی ٹاﺅن کے علاقے قصبہ کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دو افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ دونوں افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی شناخت ابراہیم اللہ اور عنایت اللہ کے نام سے ہوگئی، دونوں افراد آپس میں سگے بھائی تھے۔ ایس پی اورنگی نے بتایا کہ مقتولین پر اس سے قبل بھی کئی حملے ہوچکے ہیں اور شواہد کی مدد سے پولیس ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی وارداتوں کے پیش نظر سندھ حکومت نے آج ہی سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر ایک ماہ کے لئے پابندی عائد کر دی ہے تاہم یہ پابندی صرف عوام ہی کے لئے مشکلات کا باعث بنتی ہے۔