کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈبل سواری پرپابندی سے روزانہ 60 لاکھ افراد متاثر ہو رہے ہیں، گزشتہ پانچ ماہ سے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر مسلسل پابندی شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی اورانسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ادارہ نور حق کراچی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ سی این جی کی بار بار بندش اور پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولتوں میں کمی کے باوجود شہریوں کو ان کے حق سے محروم رکھنا سازش ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود کراچی میں قتل و غارت گری، ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی کا سلسلہ جاری ہے، حکومت دہشت گردی اور دہشت گردوں پر قابو پانے کے بجائے جب چاہتی ہے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر کے شہریوں کے مسائل و مشکلات میں اضافہ کر دیتی ہے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ عدالت عالیہ ڈبل سواری پر پابندی کے حکم نامے کو فی الفور منسوخ کرنے کے احکامات صادر فرمائے اورعوام کو اس سہولت سے فائدہ حاصل کرنے کی آزادی دی جائے۔