کراچی (جیوڈیسک) دنیا خلاوں کی وسعتوں میں نئے راستے تلاش کر رہی ہے ہم نالوں کی صفائی پر گریہ کناں ہیں۔ سندھ حکومت شدید بارشوں کی پیش گوئی پر بھی خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے۔ کراچی میں نالوں کی صفائی اور تعمیر کے لئے بجٹ میں رکھی گئی رقم خرچ ہی نہ کی جا سکی۔
چکورہ نالے کی تعمیر پر 20 کروڑ کی رقم خرچ نہ ہو سکی۔ کلری نالے کی تعمیر اور صفائی کا منصوبہ تین سال سے جاری ہے۔ کلری نالے کے 22 کروڑ کے منصوبے میں صرف 9 کروڑ خرچ کئے جا سکے۔ پچر نالے کی تعمیر کے لئے 31 کروڑ تین سال میں بھی خرچ نہ ہو سکے۔ فیڈرل بی ایریا برساتی نالے کے 5 کروڑ کی رقم بھی جوں کی توں موجود ہے۔ منظور کالونی نالے کی تعمیر کے 6 کروڑ کی رقم کا 50 فیصد خرچ ہوا۔
وزیر اعلی سندھ نے گجر نالے سے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے لئے ایک ارب کی رقم مختص کی ہے۔ نالوں کی تعمیر اور صفائی کے لئے رکھی گئی رقم کا خرچ نہ ہونا سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہر قائد میں شدید بارشیں ہوئیں تو شہر کو ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔