کراچی (جیوڈیسک) گلستان جوہر میں ڈی ایس پی قمر احمد کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک سولہ میں واقع ڈی ایس پی قمر احمد کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے مکان کے شیشے ٹوٹ گئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اے آروائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں حملہ آور کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ڈی ایس پی قمراحمد کا کہنا ہے کہ دو موٹرسائیکل پرسوار چار ملزمان نے فائرنگ کی۔
دوسری جانب لانڈھی نمبر چار میں مبینہ مقابلے کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا ہے، ملزمان کی شناخت باسط اور حسن کے نام سے ہوئی، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی جبکہ پیرآباد سے پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان قاسم خان، فیروزخان اور سید اکبر کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔