اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور وہاں ہر قیمت پر امن قائم کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سلیم ضیا، عرفان اللہ مروت، ماروی میمن، امیر بخش بھٹو، راحیلہ مگسی اور مسرور جتوئی سمیت دیگر لیگی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خاں بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔
اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ اس دوران وزیراعظم کو سندھ میں امن وامان کے مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے وہاں ہر صورت امن قائم کرنا ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی تا لاہور موٹروے منصوبے پر چند ماہ میں کام شروع ہو جائے گا اور اس سے عوام کے لیے روزگار کے لاکھوں مواقع بھی پیدا ہوں گے۔