کراچی (جیوڈیسک) مصر میں جمہوری حکومت کے خاتمے اور عوام پر فوجی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ مسلمان اب غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں، سعودی عرب سے اپیل ہے کہ خود کو ملت اسلامیہ سے الگ نہ کرے۔ جماعت اسلامی کے تحت کراچی آرٹس کونسل سے آئی آئی چندریگر روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
شرکا سے خطاب میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی تنظیموں کومصر میں نہتے عوام پر مظالم کیوں نظر نہیں آرہے۔ لیاقت بلوچ نے سعودی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس صورت حال میں خود کومسلم امہ سے الگ نہ کرے۔
جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرا سداللہ بھٹو نے کہا کہ مصر میں جمہوری حکومت کے خاتمے پر جمہوریت کے دعوے دار امریکا کی خاموشی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ مظاہرین سے جماعت اسلامی کے دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا جب کہ شرکا صدر محمد مرسی اور اخوان المسلمون کے حق میں پرزور نعرے لگاتے رہے۔