کراچی : پولیس مقابلے میں 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد

Karachi encounter

Karachi encounter

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے مقابلے میں چار مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور بارود سے بھری کار پکڑ لی، مقابلے میں دو کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔ حب ریور روڈ پر لکی پہاڑی کے قریب سی آئی ڈی پولیس نے ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا، کار سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے دو کانسٹیبل جمال اور سردار زخمی ہو گئے۔

سی آئی ڈی پولیس کی جوابی کارروائی پر کار میں سوار چار مبینہ دہشت گرد زخمی ہو گئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا مگر چاروں ہی جانبر نہ ہو سکے۔ انچارج سی آئی ڈی چودھری اسلم نے ذرائع کو بتایا کہ دہشت گرد حب سے بارود سے بھری کار کراچی لا رہے تھے۔ چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان مہمند گروپ سے تھا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد رحمان لمبو اور عارف عرف سجاد انتخابی مہم کے دوران کراچی میں ہونے والے دھماکوں میں بھی ملوث ہیں۔ کورنگی میں اے این پی کے امیدوار کو بھی انہی دہشت گردوں نے قتل کیا۔ دہشت گردوں سے ملنے والی کار سے 2 سو کلو گرام بارود اور بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے، سی آئی ڈی پولیس کے انچارج کا کہنا تھا کہ مقابلے کے دوران کچھ ملزمان فرار بھی ہوئے جن کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔