لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کے قیام تک آپریشن جاری رہے گا۔ چین کے دورہ پاکستان سے ملک میں خوشحالی کا سیلاب امڈ آئے گا۔ ریلوے کو آئی سی یو سے نکالا جا چکا ہے۔
جامعہ پنجاب لاہور کے فیصل آڈیٹوریم میں طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہا کہ سعودی عرب کی علاقائی خود مختاری کے لیے ہم اس کے ساتھ ہیں لیکن مسلم ممالک کے درمیان فریق نہیں بن سکتے۔ ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یمن پر جو لوگ سمجھتے تھے پاکستان حکم کی تعمیل کرے گا وہ سب غلط ثابت ہوا۔ پاکستان کو ” نکو”(چھوٹا) نہ سمجھا جائے۔ ہم نے اپنا کردار باوقار ریاست کے طور پر ادا کیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ مشرف کا دور نہیں بلکہ پارلیمنٹ موجود ہے اور قومی معاملات پر پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت جب سنبھالی تو ملک سلگ رہا تھا اور ملک بھر میں دھماکے ہوتے تھے اب کراچی امن کی طرف گامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کسی جماعت نہیں بلکہ دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے خلاف ہے اور جب تک کراچی میں امن نہیں ہوگا آپریشن جاری رہے گا۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہمسائیوں سے ہمارے تعقات میں بہتری آ رہی ہے۔