کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بہترین محل وقوع کے لحاظ سے کراچی غیر ملکی سرمایہ کاری بالخصوص
یورپی ممالک کی سرمایہ کیلئے موزوں ترین شہر ہے جہاں سستی افرادی قوت، زرعی اور توانائی کی پیداوار کیلئے وسیع تر مواقع موجود ہیں جن کیلئے حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات فن لینڈ کے سفیر رولی سوکانین سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فن لینڈ کو نہ صرف ان کی دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مدعو کیا بلکہ انہوں نے فن لینڈ کے سفیر پر زور دیا کہ وہ یورپی یونین کے دیگر ممالک کو بھی اس مقصد کیلئے راضی کریں۔
فن لینڈ کے سفیر نے ٹیلی کام، موسمیاتی پیش گوئی، مختلف شعبوں میں مصنوعات کی پیداوار اور ادویات کی تیاری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔