کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میڈیکل کالج کراچی کے فارغ التحصیل طلبہ کی بین الاقوامی تنظیم ایس ایم سی المنائی پاکستان چیپٹر کے زیر اہتمام 11واں سالانہ ونٹر میٹنگ مورخہ 12اور 13دسمبر2015ء بروز ہفتہ اور اتوار منعقد ہوگا تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر سے سندھ میڈیکل کالج کراچی کے فارغ التحصیل گریجویٹس کراچی پہنچ گئے۔
ایس ایم سی المنائی کے صدر ڈاکٹر شاہد سمیع ،جنرل سیکریٹری ڈاکٹر قیصر سجاد، نائب صدر اعظم خان،ڈاکٹر سمیر قریشی ،ڈاکٹر شہاب اللہ اور ڈاکٹر مکرم علی نے ایس ایم سی المنائی کی سالانہ گیارہویں ونٹر میٹنگ کی تفصیلات بتا تے ہوئے کہا کہ سالانہ و نٹر میٹنگ کے پہلے روز 12دسمبر2015ء بروز ہفتہ صبح 9بجے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی میں متعدد امراض کے جدید علاج سے متعلق خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا ہے۔
جس میں جناح سندھ میڈیکل یونیوسٹی کے طلباء و طالبات کے علاوہ ملکی و بین الاقوامی طبی ماہرین امراض سے متعلق خصوصی لیکچر دینگے جبکہ 13دسمبر2015ء بروز اتوار 8بجے شب کراچی کے مقامی ہوٹل میں ملکی اور بین الاقوامی وفود اور ایم سی المنائی کے اعزاز میں عشائیہ اور میوزیکل ایوننگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ایس ایم سی المنائی کے عہدیداروں نے بتا یا کہ تقریبات کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔